نئی دہلی میں اسموگ کا راج، اسکولوں میں آن لائن تعلیم اور دفاتر کو ورک فرام ہوم کی ہدایت
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی اور گردونواح میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ گئی، جس کے بعد حکام نے تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ شہریوں کو گھروں سے کام کرنے اور غیر ضروری تقریبات مؤخر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعہ کے روز دہلی اور اس کے قریبی علاقوں میں ہوا کا معیار شدید متاثر ہونے کے باعث یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ پابندیوں کا نفاذ دیوالی سے قبل کیا گیا ہے، جو اتوار کو منائی جائے گی۔ اس تہوار کے دوران بڑے پیمانے پر آتش بازی کے باعث فضائی آلودگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔
شمالی بھارت میں موسم سرما شروع ہوتے ہی اسموگ اور فضائی آلودگی کا مسئلہ شدت اختیار کرلیتا ہے۔ سرد اور بھاری ہوا گاڑیوں کے دھوئیں، تعمیراتی سرگرمیوں سے اٹھنے والی گردوغبار اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کو فضا میں روک لیتی ہے، جس سے آلودگی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوتا ہے۔
تقریباً 2 کروڑ آبادی والے شہر نئی دہلی میں گاڑیوں کی بڑی تعداد اور تیزی سے جاری تعمیراتی کام فضائی آلودگی کو مزید سنگین بنا دیتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد کو سانس لینے میں دشواری سمیت مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے سوئس ادارے آئی کیو ایئر (IQAir) کے مطابق دہلی میں سردیوں کے موسم میں آلودگی کی سطح اکثر انتہائی بلند ریکارڈ کی جاتی ہے، جس کے باعث یہ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.