راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلے دن 5 وکٹوں پر 281 رنز جوڑ لیے
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز کا کھیل ختم ہوگیا، جس کے اختتام پر قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لیے۔
اسٹمپس کے وقت سعود شکیل 57 جبکہ غازی غوری 7 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے طیب عارف اور محمد طحہٰ نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ طیب عارف 57 اور محمد طحہٰ 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم نے 50 اور اذان اویس نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم کرنا پڑا۔ اس دوران مجموعی طور پر 67.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے بتایا کہ ٹیم میں چار فاسٹ بولرز شامل کیے گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے سیشن میں اپنی مضبوطی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرے گا۔ ان کے مطابق اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے چار کھلاڑی طیب عارف، محمد طحہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم، اذان اویس، سعود شکیل، سلمان علی آغا، محمد عباس، رضا اللہ اور غازی غوری بھی شامل ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.