متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کا اعلان
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ٹریفک قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا ہے، جن کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔ نئے ضوابط کے تحت ڈرائیونگ کے اوقات محدود کرنے، حفاظتی اقدامات سخت بنانے اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید کے طریقہ کار میں تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق نئے قوانین کے تحت ٹیکسی، ٹرک، بس اور ڈیلیوری سروسز سے وابستہ پیشہ ور ڈرائیورز 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ 9 گھنٹے گاڑی چلا سکیں گے۔ اس کے علاوہ تھکن یا نیند کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
نئے ضوابط میں ڈرائیونگ لائسنس کی مدت بھی مقرر کردی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے شہریوں کو 10 سال کے لیے جبکہ غیر ملکی رہائشیوں کو 5 سال کے لیے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
وفاقی ٹریفک کونسل کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے لیے مقررہ 9 گھنٹے کی حد میں ردوبدل کرسکے۔ اس فیصلے کا اطلاق نجی اور پیشہ ورانہ دونوں طرح کے ڈرائیورز پر ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد سڑکوں پر حادثات کی شرح کم کرنا اور ٹریفک کے نظام کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
مزید برآں، چار سال یا اس سے کم عمر بچوں کو گاڑی میں سفر کے دوران مخصوص حفاظتی نشست پر بٹھانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئے قوانین کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے لیے بینائی کی جانچ کے معیار بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ لائسنس کی تجدید سے قبل نظر کا معائنہ لازمی ہوگا، جبکہ گاڑیوں کی مختلف اقسام چلانے والے ڈرائیورز کے لیے بینائی کے الگ الگ معیار مقرر کیے گئے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.