مصنوعی ذہانت کا ایچ آر کے شعبے میں بڑا کردار، ملازمتوں میں کمی کا خدشہ
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث ہیومن ریسورسز (ایچ آر) کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، جبکہ اس شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کی تعداد بھی کم ہوسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت اگرچہ ایچ آر کے شعبے کی مکمل جگہ نہیں لے سکے گی، تاہم اس کے ذریعے روزمرہ کے کئی انتظامی اور روایتی کام خودکار بنائے جاسکیں گے۔
ایک تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ اے آئی ملازمین کے مختلف سوالات کے جوابات دینے، چھٹیوں اور دفتری پالیسیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے، دستاویزات مرتب کرنے، منظوریوں کے عمل اور ملازمین کا ریکارڈ تیار کرنے جیسے امور انجام دے سکے گی۔
تجزیے کے مطابق مصنوعی ذہانت کی مدد سے مینیجرز کو ملازمین سے متعلق معاملات میں فوری رہنمائی مل سکے گی، جس سے معمول کے انتظامی کاموں کے لیے انسانی وسائل پر انحصار کم ہوجائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایچ آر کے شعبے کی توجہ انتظامی سرگرمیوں کے بجائے اہم فیصلوں، ملازمین کے ساتھ بہتر روابط، انسانی رویوں کو سمجھنے، ہمدردی اور ادارہ جاتی قیادت جیسے معاملات پر زیادہ مرکوز ہوگی۔
ماہرین کے مطابق اے آئی دفتری امور اور معمول کی کارروائیوں کو تیزی سے نمٹانے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم ملازمین کے حساس معاملات کو سمجھنے اور اہم فیصلے کرنے کے لیے انسانی کردار کی اہمیت برقرار رہے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.