پاکستان کا 2035 تک چاند پر اترنے اور روور بھیجنے کا منصوبہ: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے اور قمری مشن کے ذریعے وہاں روور بھیجنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کیلئے بھی پُرامید ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن میں شریک ہونے والا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن گیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں۔ ان کے خلائی تجربات سے موسمیاتی شدت برداشت کرنے والے بیجوں اور جدید صنعتی مواد کی تیاری میں مدد ملے گی۔
احسن اقبال نے بتایا کہ پاک چین مجوزہ نالج کوریڈور کے تحت آئندہ دس برس میں 10 ہزار پی ایچ ڈی اسکالرز کو تربیت دینے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے کے تحت 2035 تک ملکی معیشت کا حجم ایک ٹریلین ڈالر جبکہ 2047 تک تین ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے مطابق پاکستان نے گزشتہ دو برس کے دوران تقریباً پانچ سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں۔ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی قدرتی آفات کی بروقت پیشگوئی اور ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھتے ہوئے اب خلا تک پہنچ چکی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.