دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے درہ بکاخ میں دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر افسوس اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور فرض شناسی، بہادری اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور وطن عزیز کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ قوم اپنے بہادر جوانوں اور افسران کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا کرے۔ انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومتی عزم کا بھی اعادہ کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.