ایران سے مذاکرات کی تیاری، ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو اہم ذمہ داری سونپ دی
امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی سرگرمیوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھانے کا اختیار سونپ دیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی سے آگاہ کر دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ایک اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ براہ راست ملاقات کے امکان کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ ری پبلکن پارٹی کے لیے سیاسی مشکلات پیدا کر رہی ہے، جس کے باعث سفارتی رابطوں اور مذاکرات کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
امریکی صدر کی جانب سے نائب صدر کو مذاکرات کی ذمہ داری سونپنے کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.