آبنائے ہرمز میں کشیدگی میں اضافہ، مزید تین تیل بردار جہاز بارودی سرنگوں کی زد میں آگئے
آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران مزید تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے بعد گزشتہ 48 گھنٹوں میں متاثر ہونے والے تیل بردار جہازوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ جہازوں میں ایک بڑا سپر ٹینکر بھی شامل ہے، جو 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے کر جا رہا تھا۔ ایرانی بحریہ کا مؤقف ہے کہ ان آئل ٹینکرز نے آبنائے ہرمز میں طے شدہ حفاظتی ضوابط کی پابندی نہیں کی۔
ادھر ایرانی فوج نے ایک اسرائیلی ڈرون کو بھی نشانہ بنا کر گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق ڈرون کا ملبہ ملنے کے بعد اسے تکنیکی معائنے کے لیے فوجی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بیٹرفور نامی یہ ڈرون جی پی ایس سسٹم کے بغیر بھی پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے اور اسرائیلی ڈرون گرائے جانے سے متعلق ایرانی حکام کے دعووں کی تاحال کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.