چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے لیے 300 ارب روپے کی مالی معاونت کا حکومتی فیصلہ
وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو 300 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ مالی سہولت پاک ایگزم بینک کے زیرانتظام ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جس کا بنیادی مقصد کاروباری شعبے کو کم شرح پر قرضوں کی فراہمی، پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید ضیاء علمدار حسین نے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو اپنی پیداواری استعداد بڑھانے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر مقابلہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ فنانسنگ کے حصول کے لیے درخواست دینے والے اہل کاروباری اداروں کے معاملات میں شفافیت برقرار رکھی جائے اور درخواستوں پر بروقت فیصلے کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مختص کردہ رقم کی مؤثر فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ اس سہولت سے حقیقی برآمد کنندگان فائدہ اٹھا سکیں اور ملکی برآمدات میں اضافے کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.