شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے اعلان سے بنگلہ دیش میں کشیدگی عروج پر، ملک بھر میں نیم فوجی دستے تعینات
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے منصوبے کے حق اور مخالفت میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر حکومت نے سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ملک بھر میں سینکڑوں نیم فوجی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ دس دنوں کے دوران بم دھماکوں، گاڑیوں کو آگ لگانے اور پرتشدد مظاہروں کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اگست 2024 میں شدید عوامی احتجاج کے بعد اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہونے والی شیخ حسینہ وہاں جلاوطنی کاٹ رہی ہیں۔ انہوں نے نیا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے آئندہ ماہ دسمبر میں وطن واپس لوٹنے کا عندیہ دیا ہے، تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے اب تک ان کی یہ درخواست منظور نہیں کی ہے۔
دوسری جانب شیخ حسینہ کی سیاسی جماعت عوامی لیگ نے ان کی واپسی کے مطالبے پر ایک ہفتہ طویل احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کی کال دی تھی، جس کے آخری مرحلے میں آج ملک گیر لاک ڈاؤن کی اپیل کی گئی ہے۔
بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بموں کے دھماکے اور گاڑیاں نذرِ آتش کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں، جن کے نتیجے میں متعدد شہری اور پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.