آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

Super Admin

راولپنڈی: پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اذان اویس 32 اور عامر جمال 34 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، جبکہ طیب عارف 13 اور محمد طحہٰ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم پوری ٹیم 316 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے محض 90 رنز کا آسان ہدف ملا۔

قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں عامر جمال اور محمد عباس نے 3، 3 شکار کیے، رضا اللہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جو پاکستانی فاسٹ بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے نہ ٹک سکی اور پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس اننگز میں محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کر کے سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا تھا، جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر 227 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل کی، جس میں غازی غوری 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ نچلے نمبروں پر رضا اللہ نے 42 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا، تاہم دوسرا میچ 8 وکٹوں سے جیت کر گرین شرٹس نے سیریز اپنے نام کر لی۔ بہترین کارکردگی پر محمد عباس کو میچ کا بہترین کھلاڑی (پلیئر آف دی میچ) قرار دیا گیا۔

 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.