نوجوان کرپشن سے پاک پاکستان کے خواہاں ہیں، بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نظام میں تبدیلی اور اصلاحات کے ذریعے عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے، نوجوان ایک ایسے پاکستان کے خواہشمند ہیں جہاں بدعنوانی کا خاتمہ ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے ذریعے دنیا میں ایک نئی مثال قائم کی گئی، اس منصوبے سے 10 لاکھ افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ خواتین کو گھروں کی ملکیت کے حقوق بھی فراہم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایک بار پھر اہم اقدام اٹھانے جارہی ہے اور وفاقی حکومت سمیت دیگر صوبوں سے پہلے یوتھ کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو یہ کارڈ جاری کیے جائیں گے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ملکی معیشت کا فعال حصہ بنانا ہے۔
بلاول بھٹو کے مطابق یوتھ کارڈ ویزا کارڈ کی طرز پر ہوگا، جسے دنیا بھر میں استعمال کیا جاسکے گا۔ رجسٹرڈ نوجوانوں کو اس کارڈ کے ذریعے مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اس وقت غربت اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل کا سامنا کررہے ہیں، اس لیے سندھ حکومت کا یہ اقدام قابلِ مبارکباد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ کارڈ محض ابتدا ہے، مستقبل میں نوجوانوں کے لیے مزید منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔ انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ایسے نوجوانوں کی مالی معاونت بھی کی جائے گی جو پاکستان یا بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے تمام نوجوانوں تک یہ سہولت پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ مستقبل میں یہی سہولت ملک بھر کے نوجوانوں کو فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہیں اور مستقبل میں حالات مزید مشکل ہوسکتے ہیں۔ ایسے حالات میں سیاست دانوں کو باہمی اختلافات اور نفرتیں ختم کرکے ملک کی بہتری کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.