مریم نواز کی ماحول دوست پالیسیوں کی عالمی پذیرائی، نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کا دعوت نامہ موصول
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے، جس کے تحت نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے انہیں اپنے سالانہ میلے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ مریم نواز 30 نومبر کو ہانگ کانگ میں منعقد ہونے والے اس میلے میں شریک ہوں گی۔ ٹرسٹ نے صوبہ پنجاب میں فضائی آلودگی پر قابو پانے، جنگلات کے فروغ اور جنگلی حیات کے بچاؤ کے لیے حکومتی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔
نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے چیئرمین پیٹر نوبیل کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو باقاعدہ دعوت نامہ ارسال کیا گیا ہے۔ ٹرسٹ کے مطابق پنجاب میں ماحول دوست گرین بسیں چلانے، ترقیاتی منصوبوں (پی سی ون) کا ایک فیصد حصہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختص کرنے اور سرکاری محکموں میں پیٹرول و ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگانے جیسے فیصلے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
مزید برآں، ہوا کے معیار کو جانچنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، کلائمٹ واچ اور ماحولیاتی تحفظ فورس کی تشکیل کو بھی تحسین کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔ ٹرسٹ نے پنجاب کے جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد کمی لانے اور پیشگی اطلاعی (ارلی وارننگ) نظام کے نفاذ کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
جنگلی حیات کی بقا کے لیے خصوصی وائلڈ لائف فورس بنانے، ملک کے پہلے وائلڈ لائف اسپتال اور موبائل کلینکس کے قیام کو بھی قابلِ تعریف اقدام قرار دیا گیا ہے۔ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں شجرکاری، جنگلات کی حفاظت، آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور دیگر ماحول دوست منصوبوں کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.