خیبرپختونخوا حکومت کا سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر سیاحت زاہد چنزیب کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
زاہد چنزیب نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سروس چترال کے سیاحتی مقامات سے شروع کی جائے گی
اور اس کے بعد دیگر سیاحتی مقامات پر بھی ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے گی۔
مشیر سیاحت کے پی نے کہا کہ نتھیا گلی میں ایلیٹ ایڈونچر تھیم پارک کا افتتاح کر دیا گیا ہے،
پارک میں 8 آؤٹ ڈور اور 40 ان ڈور سیاحتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان کے پی سعد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو سیاح ہیلی کاپٹر استعمال کریں گے، ان کی اپنی فیس اور کرایہ الاٹ کیا جائے گا۔
ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ چترال میں دو ہفتے سروس کے بعد گلیات، مانسہرہ، ناران اور کاغان سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر بھی سروس شروع کی جائے گی۔