امریکہ نے ابراہیم رئیسی کے انتقال پر ایران سے تعزیت کا اظہار کیا

امریکہ نے ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر ایران سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے وفد کے دیگر ارکان کے انتقال پر سرکاری تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔
میتھیو ملر نے بیان میں کہا کہ ایران نئے صدر کے انتخاب کی طرف بڑھ رہا ہے اور امریکہ انسانی اور بنیادی حقوق کی جدوجہد میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہم حادثے کے بعد کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،
ہمیں حادثے کی وجوہات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں اور ہم حقائق جاننے کے لیے ایرانی تحقیقات کا انتظار کریں گے۔
یاد رہے کہ سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر اتوار کو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے جس کی تصدیق پیر کو کی گئی تھی۔