ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم شدید گرم رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، کوہستان اور بٹگرام میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
معلومات کے مطابق محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سورج ایک بار پھر اپنا قہر دکھانے کو تیار ہے۔
آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں گرم اور مرطوب رہے گا۔
بہاولپور میں درجہ حرارت 45 ڈگری جبکہ فیصل آباد اور سرگودھا میں 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
جہلم، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 43 اور لاہور میں 42 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
سندھ کے دادو اور موہنجوداڑو میں سب سے زیادہ گرمی ہوگی۔ درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
سکھر، نواب شاہ، مٹھی اور حیدرآباد میں بھی سورج آگ برسائے گا۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔