انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو طلب کرلیا

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، پارلیمانی لیڈر سنی اتحاد کونسل زرتاج گل اور دیگر کو سمن جاری کر دیئے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں کینٹ تھانے میں درج مقدمات میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل، محمد اشرف سوہنا اور مہر محمد جاوید کو سمن جاری کیا۔
تھانہ کینٹ میں درج مقدمے میں تھانہ صدر کی جانب سے ملزمان کو طلبی کے سمن جاری کیے گئے تھے۔
ایس ایچ او کی جانب سے تھانہ کینٹ میں درج مقدمے کے ملزمان کو سمن جاری کیے گئے، جس میں تمام ملزمان کو 26 جون کو اڈیالہ جیل کی عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، ایم این اے زرتاج گل، شبلی فراز اور فواد چوہدری کی فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور کرلی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کو بطور وکیل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔
اس موقع پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کو پھنسانے کے لیے ایک حوالدار، ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو درجنوں مقدمات میں گھسیٹا گیا،
جو کہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، جب کہ پولیس کے پاس دہشت گردی کا کوئی ریکارڈ اور ثبوت نہیں ہیں۔