پاک فوج کے 2 مختلف آپریشنز، 9 دہشتگرد جہنم واصل

پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے دو مختلف علاقوں میں امن کے دشمنوں کے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر اور لکی مروت کے اضلاع میں انتہائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں موت کی وادی میں 7 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 کمانڈر اشفاق عرف معاویہ اور کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمان شامل ہیں۔
بیان کے مطابق لکی مروت میں آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
مارے گئے دہشت گرد انتہائی مطلوب تھے اور علاقے میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے
اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔