خیبرپختونخوا حکومت کا گندم اسٹوریج کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ

پاسکو کی تحلیل کے بعد خیبرپختونخوا میں گندم اسٹوریج کی بہتری

خیبرپختونخوا حکومت کا گندم اسٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے پاسکو کی تحلیل کی صورت میں گندم کی اسٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ خوراک کا اجلاس ہوا ۔
جس میں صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاسکو کی تحلیل کے فیصلے کے تناظر میں لائحہ عمل پر غوروخوض کیا گیا۔
گندم کی خریداری کی مد میں پاسکو کے بقایاجات کی ادائیگیوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں گندم خریداری کی مد میں مقامی کاشتکاروں کے بقایاجات ترجیحی بنیادوں پرادا کرنے، محکمہ خوراک کی استعداد کو بڑھانے کے لیے درکار عملے کی کمی پوری کرنے، گندم کی خریداری، نقل و حمل اور اسٹوریج سے متعلق معاملات کو ڈیجیٹائز کرنے کے فیصلے ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری سے متعلق جملہ امور میں شفافیت ہر لحاظ سے یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی غیر معیاری گندم مارکیٹ میں ریلیز نہ ہو۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں