یونیسیف: اسموگ کے باعث پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے خطرے میں
اسموگ کے باعث 5 سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچے خطرے سے دوچار، یونیسیف
پاکستان میں عالمی ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کے نمائندے عبداللہ فادل نے پنجاب کے شدید متاثرہ اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کے اسموگ کے خطرے سے دو چار ہونے کے باعث فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے فوری اور وسیع تر اقدامات پر زور دیا۔
گزشتہ ماہ صوبے میں اسموگ کو آفت قرار دیا گیا تھا جبکہ پنجاب کے بڑے شہروں میں بچوں کو آلودگی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اسکول 17 نومبر تک بند کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ اسموگ کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے لوگوں پر پارکوں، چڑیا گھروں، کھیل کے میدانوں اور عجائب گھروں میں جانے پر 17 نومبر تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
پنجاب کے سات شہروں میں آج ریکارڈ کیا جانے والا ایئرکوالٹی انڈیکس 400 سے زائد تھا۔
جبکہ کھیلوں کے سازوسامان کے لیے مشہور شہر سیالکوٹ میں فضائی معیار 774 تک ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں اقوام متحدہ فنڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ ہفتے لاہور اور ملتان میں ریکارڈ فضائی آلودگی کے باعث درجنوں بچوں سمیت متعدد افراد ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں