زکریا یورنیورسٹی :سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر کوبادِ نسیم سے مہکتے 3 سال مکمل

“سرائیکی ایریا اسٹڈی سنٹر کی ترقی کا سفر: تین سالہ کامیاب دور”

ملتان(نمائندہ خصوصی) جامعہ زکریا،سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر کوباد نسیم سے مہکتے 3 سال مکمل ہوگئے۔سرائیکی زبان ادب ،ثقافت اور تمدن کی ترویج تحقیق اور ترقی کا روشن سفرشروع کئے پروفیسر ڈاکٹر نسیم اختر کو ڈائریکٹر سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر کی ذمہ داریاں سنبھالے تین سال مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر شعبہ کے اساتذہ ، فکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے ڈاکٹر نسیم اختر کے اعزاز میں کیک کاٹا۔ شعبہ کے اساتذہ اور طلباء وطالبات نے ڈاکٹر نسیم اختر کی قیادت میں شعبہ کی ترقی کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی ان کی قیادت میں شعبہ کی ترقی کا سفر جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر اساتذہ اور طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نسیم اختر کے تین سالہ دور میں شعبہ میں ریکارڈ ترقی ہوئی۔ ماضی میں شعبہ کی اس برق رفتاری سے ترقی کرنے کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شعبہ کی تزئین و آرائش، خواجہ غلام فرید پارک کا قیام، شعبہ میں آرٹ گیلری کا قیام ، ثقافتی میوزیم کی تعمیر نو، سرائیکی زبان کو علاقائی زبان سے قومی زبان کا درجہ، سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر میں میں ملکی و غیر ملکی اداروں کے اعلیٰ سطحی وفود کی آمد، شعبہ میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی تقریبات کا باقاعدگی سے انعقاد، شعبہ کے اساتذہ اور طلباء پر مشتمل سرائیکی ادبی مجلس کا قیام، شعبہ میں باقاعدگی سے مشاعرے اور دوسری ادبی سرگرمیوں کے انعقاد ساتھ ساتھ شعبہ میں ایم۔فل اور بی۔ایس کے داخلوں میں ریکارڈ اضافہ اور ایم فل کے خواہشمند طلباء و طالبات کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ایم فل کی ویک اینڈ کلاسز کا اجراء ڈاکٹر نسیم اختر کے تین سالہ دور کے نمایاں کارناموں میں شامل ہیں۔
ڈاکٹر نسیم اختر کی سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر کےلیے ناقابل فراموش خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے طلباء و طالبات کا کہنا ہے کہ شعبہ کےلیے ڈاکٹر نسیم اختر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اساتذہ ، فکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے مستقبل میں بھی ڈاکٹر نسیم اختر کی قیادت میں شعبہ کی ترقی کے اس سفر کے جاری و ساری رہنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں