“جعلی ایل ایل بی ڈگریاں جامعہ زکریا: وائس چانسلر کی سربراہی میں انکوائری”
ملتان ( خصوصی رپورٹر) جامعہ زکریا کنٹرولر امتحانات آفس سے قانون کی جعلی ڈگریاں جاری کئے جانے کا انکشاف ،پنجاب بار کونسل کی جانب سے تصدیقی لیٹر کی چھان بین کے دوران ریکارڈ نہ ملنے پر ڈگری ہولڈر مرد اور خاتون کی ایل ایل بی کی ڈگری جعلی ثابت ، سینڈیکٹ نے دونوں کی ڈگریاں منسوخ کرتے ہوئے جعلی ڈگریاں جاری کرنے میں ملوث ملازمین چھان بین کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔
تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا ملتان کنٹرولرآفس سے ایل ایل بی کی جعلی ڈگریاں جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے اس ضمن میں پنجاب بار کونسل کے عمران اصغر ایڈووکیٹ کی جانب سے ایک مرد او رخاتون وکیل کی ایل ایل بی کی ڈگری جو فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت سال 2011سے 2014 سیشن کے تحت جاری کی گئی کی تصدیق بارے لیٹر بھجوایا گیا تو دوران تصدیق معلوم ہوا کہ مذکورہ سیشن میں تو فاصلاتی نظام تعلیم میں ایل ایل بی کی فیکلٹی کاوجود ہی نہیں تھا ۔
جس پر کنٹرولر آفس نے رپورٹ وائس چانسلر اور سینڈیکٹ کو بھجوا دی ۔مذکورہ رپورٹ میں مذکورہ ڈگریوںجن میں فرخ شہزاد اور سید ہ عبیدہ کی ایل ایل بی کی جعلی ڈگری شامل تھی کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی تھی حالیہ سینڈیکٹ کے ایجنڈہ آئٹم نمبر 56 پرمذکورہ کیس کو ڈسکس کیا گیا۔
جس پر سینڈیکٹ نے مذکورہ ڈگریاں منسوخ کرنے کا فیصلہ سنایا اور ساتھ ہی وائس چانسلر کی سربراہی میں اعلی سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو اس معاملہ کی مکمل چھان بین کرکے جعلی ڈگریوں کے دھندے میں ملوث کنٹرولر آفس کے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔
اور مذکورہ انکوائری رپورٹ سینڈیکٹ کے آئندہ اجلاس میں بطور ایجنڈا آئٹم پیش کی جائے گی ۔اس ضمن میں رجسٹرا ر جامعہ زکریا اعجاز احمد کے مطابق جعلی ڈگریوں کا کیس منظر عام پر آنے کے بعد وائس چانسلر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں