“جامعہ زکریا: سیاسی سفارش پر وائس چانسلر کے احکامات کا تنازعہ”
ملتان ( خصوصی رپورٹر)’اوروں کو نصیحت خود میاں فیصحت ‘کے مصداق جامعہ زکریا کے وائس چانسلر نے اپنے ہی احکامات سیاسی سفارش پر روند ڈالے ،27 فروری کو جاری کردہ اپنے ہی سرکلر کی نفی کرتے ہوئے سیاسی سفارش پر جامعہ کی ریسٹریشن برانچ کے کلر ک کو ڈی کیٹگری کا گھر آلاٹ کر دیا گیا ۔
تدریسی و انتظامی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں ۔اس ضمن میں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جامعہ زکریا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری نے جامعہ کے انتظامی امور میں بڑھتی ہوئی سیاسی مداخلت کے پیش نظر ایک دبنگ فیصلہ کرتے ہوئے 27 فروری 2025 کو سرکلر نمبری 58/Admin/1582 جاری کیا۔
جس میں تمام شعبہ جات کے ڈینز ،چیئرمین،انتظامی افسروں ،تنظیموں و طلبا تنظیموں کو جامعہ کے انتظامی امور میں سیاسی سفارش اور مداخلت کرنے کے حوالے سے سخت تنبیہ کرتے ہوئے اس قسم کی پریکٹس کرنے والوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کی کارروائی کی دھمکی دی گئی تھی۔
لیکن مذکورہ احکامات کے چند روز بعد 6 مارچ 2025 کو جامعہ کی رجسٹریشن برانچ کے جونیئر کلر ک محمد زاہد کو جامعہ کی ایگری کالونی میں ڈی -7 نمبری گھر آلاٹ کردیا جس میں ہال کمیٹی کی سفارشات کو بھی نظر انداز کیا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ جونیئر ملازم کو مذکورہ گھر صوبائی وزیر سکندر حیات کی سفارش پر آلاٹ کیا گیا اور اس میں تمام قوائد وضوابط نظر انداز کئے گئے ۔وائس چانسلر کے مذکورہ اقدام سے یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی حلقوں میں اس امر پر شدید تحفظات اور چہ مگوئیاں پائی جاتی ہیں ۔
اس ضمن میں جامعہ کے سنجیدہ تدریسی و انتظامی حلقوں نے وائس چانسلر کے مذکورہ اقدامات پر تحفظات کااظہا ر کرتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں