زکریا یونیورسٹی میں بجلی کا طویل شٹ ڈائون ،تدریسی و انتظامی امور متاثر

“جامعہ زکریا میں بجلی کا طویل شٹ ڈاؤن: تدریسی امور متاثر”

ملتان(خصوصی رپورٹر )جامعہ زکریا میں بجلی کا طویل شٹ ڈائون ،5گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث تدریسی و انتظامی امور شدید متاثر ،ماہ صیام میں مساجد اور ہوسٹلز میں پانی کی شدید قلت ،طلبا وطالبات و اساتذہ وضو کیلئے بھی پانی تلاش کرتے رہے ۔
شعبہ الیکٹرک ونگ کے ارباب اختیار نے یونیورسٹی متاثرین کو اصل صورتحال سے آگاہ کرنے کی بجائے فون بھی اٹینڈ نہ کئے ،اتنی بڑی جامعہ میں متبادل بجلی کا متبادل نظام نہ ہونے سے چہ مگوئیاں ہوتی رہیں ۔
تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا ملتان میں لائنوں کی سالانہ مرمت و دیکھ بھال کے حوالے نے میپکو کی جانب سے یونیورسٹی فیڈر کیلئے ورکنگ ڈے میں 3 گھنٹے کا شٹ ڈائون شیڈول جاری کیا گیا تھا جو 5 گھنٹے تک جاپہنچا ۔
جس کے نتیجہ میں جامعہ زکریا میں بجلی صبح ساڑے 9 بجے سے دوپہر اڑھائی بجے تک بند رہی ۔بجلی کی طویل بندش کے باعث جامعہ زکریامیں تدریسی اور انتظامی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے حتی کہ مساجد اور ہوسٹلز میں پانی ختم ہونے سے ماہ صیام کے دوران روزہ دار طلبا وطالبات کو وضو کیلئے بھی پانی میسر نہ آسکا ۔
دوسری جانب جامعہ کے شعبہ الیکٹرک ونگ کے ارباب اختیار نے جامعہ کے شعبہ جات کو پیشگی وارننگ سمیت بعد میں بھی اصل صورتحال سے آگاہ نہ کیا جس کے باعث جامعہ میں بجلی کنکشن منقطع ہونے کی افواہیں گردش کرتی رہیں۔
جبکہ تدریسی و انتظامی حلقوں میں بجلی کے طویل شٹ ڈائون کے دوران متبادل انتظام نہ ہونے بارے چہ مگوئیاں ہوتی رہیں ۔جامعہ کے متاثرہ حلقوں نے وائس چانسلر جامعہ زکریا سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں