غزہ: غزہ سٹی پولیس کے سربراہ میجر جنرل فائق المبوح جو پناہ گزینوں میں خوراک کی تقسیم کے انچارج بھی تھے الشفا اسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہوگئے۔ فائق المبوح کے قتل کا مقصد غزہ میں امداد کی آمد اور تقسیم میں رکاوٹ ڈالنا بتایا جاتا ہے۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں دشمن کی کارروائیوں کا بہادری اور عزم کے ساتھ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔بیان میں الشفا ہسپتال میں صحافیوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ وحشیانہ سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسرائیل اپنے جنگی جرائم کو دنیا سے چھپانے کے لیے آزاد صحافت پر قدغن لگا رہا ہے۔حماس نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ، ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافیوں کی رہائی کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔