بغیر نقشہ تعمیرات کیخلاف کارروائی کیلئے جانیوالی ٹیم پر دھاوا‘ 3 افراد گرفتار

غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف کارروائی پر میونسپل کارپوریشن ٹیم پر حملہ

ملتان(خصوصی رپورٹر ) بغیر نقشہ غیر قانونی کمرشل تعمیرات کیخلاف کارروائی کیلئے جانے والی میونسپل کارپوریشن کی ٹیم پر دھاوا ،ملازمین پر تشدد کرتے ہوئے سرکاری ٹرک کے شیشے توڑ دیئے گئے پولیس نے موقع پر پہنچ کر3افراد کو گرفتار کرلیا ۔
تفصیل کے مطابق ملتان کی مصروف ترین شاہراہ معصوم شاہ روڈ پر بہار چوک کے نزدیک غیر قانونی تعمیرات مافیا نے عید کی چھٹیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیر نقشہ منظوری کے کمرشل دکانوں کی تعمیرات شروع کررکھی تھیں جس کی اطلاع ملنے پر میونسپل کارپوریشن کے شعبہ بلڈنگ اور ریگولیشن کے مشترکہ سکواڈ نے غیر قانونی تعمیرات رکوانے کیلئے موقع پر پہنچے اور تعمیرات کرنے والوں کو غیر قانونی تعمیرات روکنے کا کہا تو وہ مشتعل ہوگئے اور سرکاری ٹیم پر حملہ کرتے ہوئے عملہ کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
اور سرکاری گاڑی و ٹرک کے شیشے توڑ دیئے جس پر میونسپل کارپوریشن کے عملہ نے 15 پر اطلاع دی تو مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر 3 افراد جن میں محمد یسین ،محمد سلیم اور احمد شامل ہیں کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 8 کس افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
اس ضمن میں پولیس تھانہ شاہ رکن عالم نے میونسپل کارپوریشن کے استغاثہ پر سرکار ٹیم پر حملہ آووروں کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں