“میپکو کا نیا کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹر: صارفین کی شکایات کا فوری حل”
ملتان ( سپیشل رپورٹر ) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)ڈیرہ غازی خان سرکل کے صارفین کی سہولت کے لئے نئے قائم ہونے والے ”کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹر“نے باقاعدہ کام شروع کردیاہے جہاں صارفین کی شکایات کا اندراج و ازالہ آن لائن طریقہ کار کے تحت کیاجائیگا۔
سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوڈی جی خان سرکل ملک خورشیداحمد نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکوا نجینئر گُل محمد زاہد کی ہدایت پر جدید آن لائن سی ایف سی کو لاکھوں صارفین کی سہولت کے لئے کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم سے منسلک کردیاگیاہے۔
صارفین اپنے مسائل و شکایات درج کروانے کے لئے میپکو سمارٹ ایپ اور دیگر فورمز پر آن لائن درج کرواسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان /کوٹ چھٹہ/تونسہ/راجن پور ڈویژنوں کے صارفین کو گھر بیٹھے کمپلینٹ کے اندراج و ازالے کے لئے سسٹم جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کردیاگیاہے۔
صارفین اپنی شکایات متعلقہ سب ڈویژنوں میں بھی درج کرواسکتے ہیں جہاں تمام شکایات مراکز کو بھی سی سی ایم ایس سے لنک کیاگیاہے۔ تمام درج شدہ /موصول ہونے والی شکایات خودکار طریقہ کار کے تحت آن لائن ہوجائیں گی۔
انہوں نے سی ایف سی کے دورے کے موقع پر ڈیوٹی پر موجود سٹاف کو ہدایت کی کہ شکایات فوری طورپر متعلقہ دفاتر کو بھیجی جائیں اور ان کا کم سے کم وقت میں ازالہ بھی یقینی بنایاجائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ آر/ایڈمن محمد توقیر بھی موجود تھے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں