خواجہ سرا افراد کی شمولیت: زکریا یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد

خواجہ سرا افراد کی شمولیت اور تعلیم: زکریا یونیورسٹی کا اہم اقدام

ملتان(سوشل رپورٹر)بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان شعبہ جینڈر سٹڈیز میں 30 اپریل کو ایک روزہ سیمینار بعنوان “خواجہ سرا افراد کی شمولیت: ترقی کی جانب ایک قدم” کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک سے باقاعدہ سیمینار کا آغاز ہوا۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر زبیر اقبال وائس چانسلر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاشرے سے ٹیبوز کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ خواجہ سراء کو تعلیم کے علاوہ بھی آرٹ اور لٹریچر سے بھی وابستہ ہونا چاہیے۔
انہیں آن لائن ارننگ کی طرف جانا چاہیے۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ ہم خواجہ سراؤں کےلیے سکالرشپ بھی لے کر آئیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیم بھی حاصل کر سکیں۔ اس کے بعد ڈاکٹر عمر فاروق زین ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خواجہ سراء کو بطور انسان معاشرے میں قبول کرنا ہو گا۔ سکول اور کالج لیول پر جینڈر ٹریننگ دی جانی چاہیے۔ ڈاکٹر ملک مرید حسین چیئر مین شعبہ جینڈر سٹڈیز نے اپنے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خواجہ سراؤں کو جینڈر سٹڈیز شعبہ میں اسکالر شپ کی بنیاد پر مفت تعلیم مہیا کریں گے۔ مزید انہوں نے حکومت پنجاب کی خواجہ سراؤں کےلیے بنائی گئی پالیسیوں کو بھی سراہا۔ اس کے بعد میڈم طاہرہ رفیق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) مظفر گڑھ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خواجہ سراؤں کے مسائل کے حل کےلیے کوشش کرنی چاہیے۔ زبان، رنگ اور نسل کی دوڑ سے باہر نکل کر بطور انسان ان کے مسائل کو سمجھنا چاہیےاس کے بعد خواجہ سراء کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے علیشا شیرازی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کی نسبت ہم خواجہ سراؤں کی معاشرتی قبولیت میں اِضافہ ہوا ہے۔
بس ہمیں ذرائع کی ضرورت ہے۔ حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ ہم سے سوالات کریں، ہم سے مکالمہ کریں تبھی آپ کو ہمارے بارے میں بہتر طور پر علم ہو گا۔ شہانہ عباس ویکٹم سپورٹ آفیسر مظفر گڑھ نے بھی خواجہ سراء کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مندی بھی خواجہ سراؤں کےلیے ضروری ہے۔ اپنی ماضی کے بارے میں بتایا کہ پاکستان کی وہ پہلی خواجہ سراء ہیں جنہوں نے 2011 میں ایل ٹی وی لائسنس حاصل کیا۔
مزید انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو زکوٰۃ اور راشن بھی دیا گیا۔ ہمارے خواجہ سراؤں کو محنت کرنی چاہیے۔ سیمینار کے آخری مقرر ڈاکٹر کاشف صدیق اسسٹنٹ پروفیسر نے کہا کہ خواجہ سراؤں کےلیے شارٹ کورسز متعارف کروانے چاہییں تاکہ انہیں ہنر مند بنایا جا سکے۔ اس کے بعد انہوں نے تمام مہمانان گرامی کا اور طلباء کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے آخر میں مہمان مقررین کےلیے شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں