آزاد ،ذمہ دار میڈیا جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے: مظہر خان

عالمی یومِ صحافت پر ملتان یونین آف جرنلسٹس کا پیغام: آزادی صحافت کا عزم

ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ملک شہادت حسین اور جنرل سیکرٹری مظہر خان ، سیکریٹری فنانس سعید مکول نے”عالمی یومِ صحافت ” کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ عالمی دن ہمیں ازادی صحافت کی اہمیت، اس کے تحفظ اور صحافیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
ایک آزاد اور ذمہ دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔ صحافی معاشرے کی آنکھ، کان اور زبان ہوتے ہیں، جو سچائی کو بے نقاب کرتے ہیں، مظلوم کی آواز بنتے ہیں اور حکمرانوں کو جوابدہ بناتے ہیں۔ہم آج کے دن ان تمام صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔
جنہوں نے سچ کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں اور ان کارکنان کو سلام پیش کرتے ہیں جو آج بھی میدانِ عمل میں ظلم، جبر اور سنسرشپ کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ملتان یونین آف جرنلسٹس آزادیٔ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کے فلاحی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، میڈیا پر کسی بھی قسم کی قدغن ختم کی جائے اور اظہارِ رائے کی آزادی کو یقینی بنایا جائے۔آج ہم سب اس عہد کو دہرائیں کہ ہم سچ، حق اور انصاف کی راہ میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں