حاصل پور: امدادی رقوم میں کٹوتیوں کا بازار گرم، خواتین سراپا احتجاج

حاصل پور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے ہوشربا انکشافات

حاصل پور (بشیر احمد گجر سے) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) برائے خواتین کے تحت دی جانے والی امدادی رقوم میں بدعنوانی اور ناجائز کٹوتیوں کا سلسلہ حاصل پور میں کھلے عام جاری ہے۔ طارق نامی ریٹیلر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 حاصل پور میں مبینہ کھلے عام لوٹ مار میں مصروف ہے۔
، جبکہ مستحق خواتین کے مطابق نیو قمر کمیونیکیشن اور پاکپتن کمیونیکیشن کے ریٹیلرز حاصل پور اسٹیڈیم میں امدادی رقوم سے بلا خوف کٹوتیاں کر رہے ہیں متعدد خواتین نے میڈیا نمائندگان کو اپنے ساتھ ہونے والی بے ضابطگیوں کے حوالے سے بیانات ریکارڈ کروائے ہیں۔
، جن میں واضح طور پر بتایا گیا کہ ہر قسط سے مخصوص رقم بطور ”کٹ“ وصول کی جاتی ہے، اور اگر کوئی مزاحمت کرے تو دھمکیاں دی جاتی ہیں یا اگلی قسط بند کر دینے کی بات کی جاتی ہے خواتین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو بارہا شکایات کے باوجود کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔
بلکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جو ریٹیلرز مبینہ حصہ داری سے انکار کرتے ہیں ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی جاتی ہے، اور ان کی کارکردگی کو خراب ظاہر کیا جاتا ہے، جبکہ ملی بھگت والے ریٹیلرز کو “مثالی” قرار دے کر ان کی پشت پناہی کی جاتی ہے ۔
متاثرہ خواتین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر حقیقت جاننا چاہتے ہیں تو وہ اپنی جاننے والی خواتین کو بھیج کر خود مشاہدہ کریں کہ کس طرح ان مراکز پر کھلے عام لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ خواتین نے شفاف انکوائری، غیر جانبدارانہ کارروائی اور فوری انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید ظلم برداشت نہیں کریں گی۔ سماجی و سیاسی حلقوں نے بھی ان انکشافات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں