للو والی پل پر ناجائز تجاوزات سے ٹریفک کا نظام درہم برہم
اوچ شریف (سید خواجہ سہیل عباس) قومی شاہراہ پر واقع للو والی پل پر ناجائز تجاوزات نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے۔ یہ اہم پل جو علی پور، ہیڈ پنجند، ترنڈہ محمد پناہ، صادق آباد اور کراچی کی جانب جانے والی سینکڑوں گاڑیوں کی گزرگاہ ہے، آج مکمل طور پر رکشہ، ہائی ایس اور دیگر غیر قانونی پارکنگ کی نذر ہو چکا ہے۔
مسافر گاڑیاں، ٹرک، ایمبولینسز اور عوامی ٹرانسپورٹ روزانہ شدید ٹریفک جام کا شکار ہو رہے ہیں۔ للو والی پل مکمل طور پر ہائی ایس اور رکشہ اسٹینڈ زیادہ بن چکا ہے۔ پل کے دونوں اطراف ہائی ایس گاڑیوں اور رکشوں نے قبضہ جما رکھا ہے، جس کے باعث نہ صرف اوچ شریف بلکہ گرد و نواح کے ہزاروں شہریوں کو اذیت کا سامنا ہے۔
ٹریفک جام کے باعث اسکول، کالج اور دفاتر جانے والے طلبا و ملازمین روزانہ تاخیر سے پہنچنے پر مجبور ہیں۔ کئی بار ایمبولینسز بھی پل پر پھنسی رہیں، جس کے نتیجے میں مریضوں کو جان کے لالے پڑ چکے ہیں۔علاقہ مکینوں اور مسافروں نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ “قومی شاہراہ کو ایک مافیا نے یرغمال بنا لیا ہے، اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور کمشنر بہاولپور ڈویژن سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر للو والی پل پر ناجائز تجاوزات کے خلاف مؤثر آپریشن کا حکم جاری کریں اور قومی شاہراہ کو ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کیا جائے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں روزانہ کی اذیت سے نجات دلائی جائے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بحال کیا جائے تاکہ علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں