یونیورسٹی خزانے میں نقب: آر او ڈاکٹر مقرب اور جعلی ایڈوانس کی کہانی
ملتان ( خصوصی رپورٹر) یونیورسٹی کوتوال کی جامعہ کے خزانے میں نقب زنی ، سیکورٹی کیمروں کی مرمت و تنصیب کے نام پر ایک سال سے چھٹی پر گئے سیکورٹی اسسٹنٹ کے نام پر 15 لاکھ کا ایڈوانس بل نکلوا لیا ،ایک سال سے ایل پی آ ر پر موجود سیکورٹی اسسٹنٹ نے ریٹائرمنٹ کی مدت قریب آنے پر یونیورسٹی آر او ڈاکٹر مقرب سے رقم واپس جمع یا ایڈجسمنٹ کرانے کا مطالبہ کردیا ۔
اس ضمن میں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جامعہ زکریا میں عرصہ دراز سے ریذیڈنٹ آفیسر ( آر ۔ او) کی سیٹ پر براجماں پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے گزشتہ سال مئی کے مہینے میں جامعہ کی رہائشی کالونی و اہم مقامات پر خراب 32سیکورٹی کیمروں کی مرمت اور تنصیب کی مد میں سیکورٹی اسسٹنٹ تاج محمد کے زریعے 15 لاکھ روپےکا ایڈوانس بل نکلوایا ۔
کیونکہ خزانہ دار آفس نے انھیں مذکورہ ایڈوانس ادائیگی ڈائریکٹ کرنے کے حوالے سے اعتراض عائد کیا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر مقرب تاج محمد کے زریعے مذکورہ رقم وصول کرکے بیرون ملک دورے پر چلےگئے جبکہ سیکورٹی کیمروں کی مرمت و تنصیب کیلئے ہیڈ سیکورٹی گارڈ مختیار راں کی سربراہی میں ہی شعبہ سیکورٹی کی ٹیم تشکیل دی گئی ۔
جن میں کیمروں کے حوالے سے ایکسپرٹ مبشر نامی سیکورٹی گارڈ جسے کیمرہ آپریٹر کی ڈیوٹی تفویض کی گئی ہے اسی طرح اس کی معاونت کیلئے ظفرنامی سیکورٹی گارڈ اور سرفراز نامی مالی بیلدار کی ڈیوٹی لگائی گئی جنھوں نے اپنی مد د آپ کے تحت 32 سیکورٹی کیمروں کی تنصیب و مرمت کی مذکورہ ٹیم میں شامل افراد میں سے ایک نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بیٹھک کو بتایا کہ ان کیمروں کو درست کرنے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے خرچہ آیا جس میں 42 ہزار روپے کی ایل ای ڈی بھی شامل ہے ۔
تاہم دوسری جانب بیماری کے باعث ایک سال سے ایل پی آر پر موجود سیکورٹی اسسٹنٹ نے اپنی ریٹائرمنٹ کی مدت قریب آنے پر آر ۔او ڈاکٹر مقرب کو بیٹے کے زریعے مذکورہ ایڈوانس رقم سرکاری خزانے میں واپس یا پھر کیمروں کی مد میں ایڈجسٹ کرانے کا مطالبہ کرنا شروع کردیا ہے تاکہ اس کی پنشن میں سے کٹوتی نہ کی جاسکے ۔
اس ضمن میں جامعہ کے سنجیدہ تدریسی و انتظامی حلقوں نے وائس چانسلر زبیر اقبال غوری سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی خزانےمیں نقب زنی کرنے والے یونیورسٹی کوتوال آر۔او مقرب اکبر کیخلاف تحقیقات کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں