نوجوانوں کے لیے سینیٹ سمر انٹرن شپ پروگرام 2025
ملتان( خصوصی رپورٹر )چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کے جاری آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کے آغاز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو قانون سازی کے عمل میں شامل کرنا ہے۔
یہ پروگرام 16 جون 2025 سے شروع ہو گا اور آٹھ ہفتوں پر محیط ہو گا۔اس پروگرام کے تحت ملک کی نمایاں جامعات بشمول فاؤنڈیشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (FAST)، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML)، اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے اکیس طلباء کو منتخب کیا گیا ہے۔
پروگرام کا مقصد سماجی علوم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو سینیٹ آف پاکستان کے قانون سازی اور انتظامی نظام خصوصاً بجٹ اجلاس کے دوران براہِ راست مشاہدے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے باقاعدہ آغاز سے قبل منتخب طلباء کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (PIPS) میں دو روزہ تعارفی تربیت دی جائے گی جس میں انہیں آئینِ پاکستان، سینیٹ کے قانون سازی و انتظامی اُمور اور قائمہ کمیٹیوں کے طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا۔اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت ماضی میں بھی سینیٹ سیکریٹریٹ نے جون تا اگست 2022 کے دوران قائداعظم یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور NUST سے 20 طلباء جبکہ جولائی تا اگست 2024 کے دوران اسلام آباد کے سات اسکولوں سے 18 طلباء کو شامل کیا تھا۔
نوجوانوں کی شمولیت اور قانون سازی کے عمل میں شفافیت کے وژن کے تحت چیئرمین سینیٹ نے مارچ 2024 میں اپنے منصب سنبھالنے کے بعد چھ ہفتوں پر مشتمل بغیر وظیفہ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت اب تک ملک بھر کی مختلف جامعات سے 426 طلباء کو سینیٹ سیکریٹریٹ میں انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا جا چکا ہے۔
اسی وژن کے تحت سینیٹ سیکریٹریٹ اس انٹرن شپ پروگرام کو دوسرے مرحلے میں اسلام آباد کے اے اور او لیول اسکولوں تک وسعت دے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو جمہوری اور قانون سازی کے عمل میں شمولیت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں