نئے مالی سال کی ترقیاتی سکیموں کا معیار ، بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے(فواد ہاشم )

جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبے: 131 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا جائزہ

ملتان( خصوصی رپورٹر )ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کی زیر صدارت رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام اسپیشل سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نئے بجٹ میں شامل منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال میں 2,233 ترقیاتی منصوبوں پر 131 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نئے مالی سال کی ترقیاتی اسکیموں کو ایک منظم میکنزم کے تحت اعلیٰ معیار اور مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال میں بہاولپور اور رحیم یار خان میں برن یونٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ ضلع لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ چولستان میں منہ کھر کی بیماری سے پاک (فری زون) علاقے کے قیام کے لیے 75 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے حلال گوشت کی برآمد میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کی خوشحالی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ غریب بیوہ خواتین کو مفت مویشی فراہم کرنے کے لیے 1 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں کینسر ڈیپارٹمنٹ کے قیام پر 75 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ وزیرِ اعلیٰ پروگرام کے تحت 32 رورل ہیلتھ سینٹرز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب میں شرمپ فارمنگ کے منصوبوں پر بھی 1 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
فواد ہاشم ربانی نے ہدایت کی کہ تمام اسپیشل سیکرٹریز ترقیاتی منصوبوں کے معیار کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔اس موقع پر اسپیشل سیکرٹریز نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لال سوہانرا نیشنل پارک میں ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) کو برقرار رکھنے کے لیے 50 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
غازی گھاٹ میں 1,500 ایکڑ رقبے پر جنگلات لگانے کا 83 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔جنوبی پنجاب کے 519 بنیادی مراکز صحت میں سے 326 مراکز کی اپ گریڈیشن مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ ایک سال کے دوران سڑکوں اور عمارات کے 329 منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے کالجز میں اسمارٹ کلاس رومز کے قیام کی بھی سفارش کی گئی۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں