محرم الحرام میں قیام امن کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائینگے(آر پی او ڈیرہ)

ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام امن انتظامات: 1360 جلوس اور 4658 مجالس

ڈیرہ غا زیخان (بیورو رپورٹ)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان،ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران کے علاوہ ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین شریک تھے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں یکم سے دس محرم تک 1360 جلوس اور 4658 مجالس منعقد ہوں گی۔219 جلوسوں اور 707 مجالس کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالی فضا قائم ہے۔
ڈویژنل اور ضلعی امن کمیٹی کا ہمیشہ موثر اور فعال کردار رہا ہے محراب و منبر سے کسی بھی فرقہ کی دلآزاری نہ کی جائے،کمشنر ڈی جی خان کا کہنا تھا کہ مجالس اور جلوسوں کی آڈیو،ویڈیو ریکارڈنگ ہوگی۔مجالس اور جلوس کے روٹس اور اوقات کی پابندی کرائی جائے۔ محرم الحرام کے دوران ضلع بندی اور زبان بندی پر بھی عملدرآمد اورضابطہ اخلاق کی پاسداری کرائی جائے ۔
مشی واک پر مکمل پابندی ہوگی۔سوشل میڈیا پر بھی نظر رکھی جائے گی۔آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے موجود رہے گی۔ڈی پی اوز مجالس اور جلوس کے منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ٹرائی بارڈر ایریا ہونے کی وجہ سے حساس ڈویژن ہے۔ محرم الحرام کے دوران سب کو چوکنا رہنا ہوگا،آر پی او کا کہنا تھا کہ امن و امان یقینی بنانے کیلئے عاشورہ پر مختلف مقامات پر موبائل فون سروس معطل رکھنے سمیت پاک فوج اور رینجرز کی خدمات بھی طلب کی جائیں گی۔
ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین نے امن و امان کے قیام اور فرقہ وارانہ/ مذہبی ہم آہنگی کیلئے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں