ڈیرہ :بی آئی ایس پی رجسٹریشن سنٹر پر ایجنٹ مافیا کا تشدد،نوجوان جاں بحق

“بی آئی ایس پی رجسٹریشن سنٹر پر ایجنٹ مافیا کی کارروائیاں اور نوجوان کی موت”

ڈیرہ غازی خان (خبر نگار خصوصی) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے رجسٹریشن سنٹر بستی ملانہ، پر ایجنٹ مافیا کی درندگی سے ایک بے گناہ نوجوان سید قمر عباس جان کی بازی ہار گیا۔نواحی گاؤں ٹھٹہ گبولاں کا رہائشی قمر عباس اپنی اہلیہ کے ہمراہ رجسٹریشن کے لیے سنٹر پر آیا ہوا تھا کہ اس دوران اُس نے ایجنٹوں کو ایک بزرگ شہری پر تشدد کرتے دیکھا۔
بزرگ شہری، جو کہ سنٹر پر جاری بدنظمی اور ایجنٹ مداخلت کی ویڈیو بنا رہا تھا، کو ایجنٹس نے شدید زدوکوب کیا۔قمر عباس نے انسانی ہمدردی کے تحت مداخلت کرتے ہوئے بزرگ شہری کو بچانے کی کوشش کی، تاہم ایجنٹ مافیا نے اُسے بھی بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا،۔
جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد پولیس تھانہ کوٹ چھٹہ نے تین ملزمان محمد حنیف، غلام مرتضیٰ اور محمد عمیر نامزد اور نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
عینی شاہدین کے مطابق رجسٹریشن سنٹر کے اندر اور باہر پرائیویٹ ایجنٹوں اور فرنچائزرز کا قبضہ تھا، جو لوگوں کو زبردستی اپنے ذریعے رجسٹریشن پر مجبور کر رہے تھے۔ بی آئی ایس پی سنٹر پر سیکیورٹی، نظم و ضبط اور حکومتی نگرانی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہ تھا۔
عوامی حلقوں میں واقعہ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، جبکہ بی آئی ایس پی رجسٹریشن کا نظام ایجنٹ مافیا سے پاک اور محفوظ بنایا جائے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں