پری مون سون بارش سے ملتان و دیگر شہروں میں سڑکیں ندی نالے بن گئیں
ملتان ،بہاولپور، علی پور،عبدالحکیم(خصوصی رپورٹر، نمائندگان بیٹھک) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں پری مون سون کی پہلی بارش نے سرکاری محکموں کی مون سون کے حوالے سے کی گئی تیاریوں کے دعووں پر پانی پھیر دیا ، 67 ملی بارش کے نتیجہ میں شہرکی سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ،بجلی کاترسیلی نظام جواب دے گیا درجنوں فیڈر بند ہونے سے شہر بھر میں بجلی کی سپلائی معطل ، بیشتر علاقوں میں رات گئے تک بھی بجلی بحال نہ ہوسکی ،میپکوکے آپریشنل سٹاف نے صارفین کو جواب دینے کی بجائے فون بھی بند کردیئے۔
،واسا بھی رات گئے تک بیشتر علاقوں سے بارش کا پانی نکالنے میںناکام ،بیشتر علاقوں میں شہری میپکو اورواسا کے خلاف سراپا احتجاج ،متعلقہ محکمے اعلی حکام کوسب اچھا کی رپورٹیں دینے میں سرگرم عملی طور پر امدادی کارروائیاں ندارد، تاہم بارش کے باعث شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا،موسم خوشگوار ،محکمہ موسمیات نے آج بھی وفقہ وقفہ سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔تفصیل کے مطابق ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں شہربھر واسااور میپکو کا سسٹم جواب دے گیا ۔
ملتان میں ہونےوالی موسلادھار بارش جو مجموعی طور پر67 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی سے شہر کی سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ واسا کے تمام تر دعووں کے باوجود شہرکے مختلف علاقوں میں 17 سورس پوائنٹس جن میں طارق روڈ ،حسن پروانہ روڈ ،شاہین مارکیٹ ،خونی برج ،بکر منڈی روڈ ،ٹمبر مارکیٹ ودیگر شامل ہیںپر بارش کا کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیاجورات گئے تک بھی نہیں نکالا جاسکا تھاتاہم باعث کی جدیدمشینری اہم شاہراہوں اور پوش علاقوں میں بارش کا پانی نکالنے میں سرگرم دکھائی دی ،۔
دوسری جانب بارش سے پہلے اور بارش کے بعد میپکو کا ترسیلی نظام متاثرہونے سے شہر بھر کے درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے اور دن بھر بجلی غائب ہونے سے مساجد میں وضو کیلئے پانی نہ ہونے کے اعلانات بھی سنائی دیئے گئے جبکہ رات گئے تک بجلی بحال نہ ہوسکی ،پریشان کن امر یہ ہے کہ میپکو کے انتظامی افسروں نے شہریوں کو بجلی کی بحالی کی صورتحال سے آگاہ کرنے کی بجائے بلوںپر درج سرکاری نمبر بھی بند کردیئے جس کے باعث شہر ی دن بھر میپکو انتظامیہ کو کوستے رہے ۔تاہم ملتان میں پری مون سون کی پہلی بارش ہونے سے شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ موسم خوشگوار ہوگیاہے ۔ماہرین زراعت کے مطابق بارش کے فصلوں اور باغات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں وفقہ وقفہ سے مزید بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے ۔ عبدالحکیم سے نامہ نگار کے مطابق پل گھڑاٹ کے نواحی علاقہ باغ چوک میں دوران بارش أسمانی بجلی گرنے سے محنت مزدوری کرتے دو مزدور جھلس گئے جسکے نتیجہ میں ایک جوانسال 20 سالہ مزدور جسکی شناخت محمد نعیم کے نام سے ہوئی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا متوفی نعیم بارش کے دوران موبائل فون سن رہا تھا کہ موت نے أن لیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی 56 سالہ بزرگ مزدور محمد پہلوان شدید زخمی حالت میں مقامی ہسپتال داخل أسمانی بجلی گرنے سے زخمی اور جابحق افراد کا تعلق پل گھڑات سے بتایا گیا ہے۔
تلمبہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 20 سالہ نوجوان نعیم جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ۔ تلمبہ کے نواحی علاقے کوٹ برکت علی پر افسوس ناک واقعی پیش آیا ۔ بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہو گیابارش کے دوران نوجوان متوفی موبائل فون پربات کررہا تھاشدید جھلس جانے والے نوجوان کوہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبرنہ ہوسکا ۔جاں بحق ہونے والے 20 سالہ نوجوان کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی جبکہ 56 سالہ پہلوان نامی شخص زخمی ہے،مظفرگڑھ سے تحصیل رپورٹر کے مطابق خان گڑھ و گردونواح ميں موسلادھار بارش کے نتیجے میں متعدد درخت گر گئے جبکہ مکانوں میں دراڑیں پڑ گئیں اور ایک بچی پر دیوار گرنے کی اطلاعات ملی ہیں اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ رورل ہیلتھ سنٹر خان گڑھ میں سفیدے کا درخت ٹوٹ کر گر گیا جبکہ بنے والا، پتنی، کمالپور، رقبہ نور خان میں متعدد مکانات میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
اور موضع جھوک میں دیوار گرنے سے 3سالہ بچی منی شدید زخمی ہوئی ہے جسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کیا گیا ہے شہر بھر میں روڈ جھیل بن چکے ہیں بجلی کی بندش سے سیوریج ڈسپوزل چالو نہ ہونے کی وجہ سے گلی، محلے پانی سے بھر چکے ہیں اور گزرنا تک محال ہو چکا ہے ۔ علی پور سے خبر نگار کے مطابق علی پور شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ طوفانی بارش فتح پور جنوبی کے علاقے میں دیوار گرنے سے چچا بھتیجا سمیت دوافراد جاں بحق تفصیل کے مطابق گزشتہ روز علی پور شہر اور گردونواح میں اچانک تیز آندھی کے ساتھ بارش شروع ہوگئی ہرطرف جل تھل ہوگیا گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے تاہم دوسری جانب آندھی بارش کے باعث کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے تیار فصل مونگی کو شدید نقصان پہنچا ہے علی پور کے نواحی علاقے فتح پور جنوبی اول کی بستی سیال میں گھر کی پختہ دیوار مکینوں پر آگری۔
جس کے نتیجے میں ملک رانجھا ولد غلام محمد اور اس کا آٹھ سالہ بھتیجا حسن ولد ڈاکٹر ریاض دیوار کے نیچے آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ بہاولپور سے سٹی رپورٹر کے مطابق بہاولپور شہر اور گردونواح میں جمعرات کی صبح اچانک بادلوں کے ڈیرے پڑ گئے۔ سورج کے تپش بھرے تیوروں کے بعد جیسے ہی گھنے بادلوں نے افق پر بسیرا کیا، شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کچھ ہی دیر بعد رم جھم پھوار نے موسم کو نہ صرف خوشگوار بلکہ قابلِ برداشت بنا دیا۔گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں نے بارش کے پہلے قطروں پر سکھ کا سانس لیا۔ مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ احمد پور شرقیہ، خیرپور ٹامیوالی، حاصل پور، یزمان اور چنی گوٹھ کے علاقوں میں بھی بادل برسنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں بچے اور نوجوان بارش سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے، جبکہ کئی خاندانوں نے پارکوں اور کھلی جگہوں پر موسم کا لطف اٹھایا۔
دوسری جانب بارش کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ سے فوری نکاسی آب کا مطالبہ کیا ہےمحکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ نے کسانوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کا باقاعدہ آغاز جلد متوقع ہے، جس کے دوران معمول سے زائد بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔موسم کی اچانک تبدیلی نے شہریوں کے موڈ کو خوشگوار کر دیا، جبکہ گرم مشروبات، پکوڑوں اور چائے کے سٹالوں پر بھی رش بڑھ گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش قدرت کی طرف سے ایک نعمت ہے اور ہمیں اس کا شکر ادا کرنا چاہیے، شہر سلطان سے نامہ نگار کے مطابق شہرسلطان بلکہ پوری تحصیل جتوئی میں گرمی کی پہلی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا موسم خوش گوار موذی امراض بھی ختم ہونے کا امکان عوام الناس گھروں سے باہر نکل آئے بارش میں لطف اندوز ہوتے رہے شہرسلطان بلکہ پوری تحصیل جتوئی تحصیل علی پور میں تیز بارش اور تیز ہواموسم بھی لطف اندوز ہے بیماریوں کا بھی خاتمہ ہوگا ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں