جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل

خانیوال سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ: محرم الحرام کے دوران فول پروف پلان

ملتان،خانیوال (نمائندہ خصوصی، سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری اور کمشنر ملتان عامر کریم خان نے محرم الحرام کے سلسلے میں خانیوال کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال اسماعیل کھاڑک، ڈپٹی کمشنر خانیوال اور دیگر اعلیٰ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وفد نے امام بارگاہ حسینیہ بلاک نمبر 11 خانیوال کا وزٹ کیا اور چھ اور دس محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ ریجنل پولیس آفیسر اور کمشنر ملتان نے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل کھاڑک اور ڈپٹی کمشنر خانیوال نے محرم الحرام کے دوران کیے گئے۔
سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر فرائض سرانجام دیں گے، جب کہ رضاکاروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔
آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور محرم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر جلوس اور مجلس کی کڑی نگرانی کی جائے اور داخلی و خارجی راستوں پر مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے۔
کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے اور تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہیں۔بتایا گیا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہا جا رہا ہے تاکہ بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں