ملکی ترقی کیلئے بحیثیت قوم درست سمت کا تعین ضروری: کور کمانڈر ملتان

کور کمانڈر ملتان کی سول سوسائٹی سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص پر تبادلہ خیال

ملتان ( خصوصی رپورٹر ) کور کمانڈر ملتان کی اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ساتھ خصوصی نشست نشست میں مختلف کالجز، یونیورسٹیوں کے اساتذہ، سول سوسائٹی، معززینِ علاقہ اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس ملاقات میں سینئر فوجی افسران، علمی شخصیات اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر کور کمانڈر ملتان نے آپریشن بنیان مرصوص کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف یہ کامیاب معرکہ قوم اور افواجِ پاکستان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس معرکہ میں اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد حاصل رہی، جو فتح کا اصل سبب بنی۔کور کمانڈر نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بحیثیت قوم درست سمت کا تعین ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر رونما ہونے والی جغرافیائی، سیاسی اور دفاعی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات کا جامع تجزیہ پیش کیا اور پاکستان کی جغرافیائی اہمیت و ایٹمی حیثیت کی بنا پر درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے دشمن عناصر کی ان سرگرمیوں پر روشنی ڈالی جن کا مقصد عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
اس موقع پر کور کمانڈر نے سول سوسائٹی اور اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکاء نے نشست کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی انٹریکشنز سے نہ صرف پاکستان کو درپیش موجودہ حالات سے آگاہی ملتی ہے بلکہ قومی بیانیے کو بھی تقویت ملتی ہے۔ اساتذہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس نشست سے حاصل کردہ آگاہی کو طلبہ و طالبات تک منتقل کریں گے اور نوجوانوں میں حب الوطنی اور دفاعِ وطن کا جذبہ بیدار کریں گے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ اس نشست سے واضح ہوا کہ پاکستان آرمی کس طرح ملک کا دفاع کر رہی ہے اور دشمن کو کس حکمت عملی سے پسپا کیا گیا۔ آپریشن بنیان مرصوص میں فوج کے کردار سے متعلق تفصیلات جان کر قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
شرکاء نے یہ بھی تجویز دی کہ اس نوعیت کے سیشنز کو مستقل بنیادوں پر منعقد کیا جائے تاکہ عوام اور پاک فوج کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہو۔ نشست میں شریک اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی اور دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں