محرم الحرام،علماء اور امن کمیٹی اراکین قیامِ امن کیلئے بھرپور کردار ادا کریں(کمشنر ڈیرہ)

عشرہ محرم الحرام کے انتظامات: کمشنر ڈی جی خان کا علی پور کا دورہ

مظفرگڑھ (تحصیل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے انتظامات کے جائزہ کے لئے کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری اور آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃالعین میمن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد رضوان احمد بھی ہمراہ تھے۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے علی پور میں جلوسوں کے روٹس کامعائنہ کیا امام بارگاہ مہاجرین کا دورہ کیا اور علما امن کمیٹی کے اراکین و جلوس و مجالس منتظمین سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے ممبران امن کمیٹی اور منظمین جلوس و مجالس سے انتظامات بارے معلومات لیں۔ محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد اور آر پی اوڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات، جلوسوں اور مجالس کے روٹس، مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے، اور بین المسالک بھائی چارے اور ملی یکجہتی کو فروغ دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، علما کرام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان، اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ علماء اور امن کمیٹی کے اراکین فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملی یکجہتی اور اتحاد کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جاچکی ہے۔ اس موقع پر آر پی او سجاد حسین خان نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح الرٹ ہے۔
، سیکیورٹی کے تمام تر اقدامات مکمل ہیں۔اجلاس میں شریک متحدہ علماء مشائخ امن کمیٹی کے چئیرمین حضرت مولانا سید عبد المعبود آزاد شاہ، مولانا محمد احمد مکی و دیگر علماءکرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اتحاد و یگانگت کا پیغام گھر گھر پہنچانے کا وعدہ کیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قراۃالعین نے عشرہ محرم الحرام کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دیں۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں