جنوبی پنجاب میں انسداد ہراسیت اقدامات: فوزیہ وقار کا دورہ ملتان
ملتان(خصوصی رپورٹر)وفاقی محتسب برائےانسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ہراسگی کیخلاف پالیسیوں اور اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور محتسب دفاتر کو فعال بنانے اور آگاہی مہم تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں خواتین کو محفوظ ماحول کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے اس لئے اداروں میں شکایات کے ازالے کیلئے مؤثر نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب میں خواتین کی فلاح اور تحفظ کیلئے سرکاری اداروں اور محتسب سیکرٹریٹ کے مابین ہم آہنگی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے اور وہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ خواتین کو باختیار بنانے کےحوالے سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے متعدد سیمینارز منعقد کرائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے قلیل عرصے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔سیکرٹریٹ کا تمام نظام ڈیجیٹالائزڈ کر دیا گیا یے اور محکموں میں الیکٹرانک فائلنگ سسٹم رائج ہے۔مصنوعی ذہانت و آئی ٹی کی نمائش کا انعقاد اور ” کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گا” مہم قابل فخر اقدامات ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ چولستان کے تاریخی قلعوں کو محفوظ بنانے کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیاہے۔اس کے علاوہ ضلع بہاولنگر کو مویشیوں کی منہ کُھر کی بیماری سے پاک کرنے کے منصوبے پر78 کروڑ روپےخرچ کئےجارہے ہیں۔دریں اثناء انصاف تک رسائی اور کام کرنے کی جگہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر، وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت محترمہ فوزیہ وقار نے باضابطہ طور پر ملتان میں FOSPAH کے ذیلی دفتر کا آغاز کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد جنوبی پنجاب کے لوگوں بالخصوص خواتین کے لیے اسلام آباد کے سفر کے بوجھ کے بغیر کام کرنے کی جگہ پر ہراساں کیے جانے اور جائیداد کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ کرنا آسان بنانا ہے۔ اپنے دورہ ملتان کے دوران، معزز محتسب نے قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگیں کیں اور MEPCO، FBR، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ملتان، میزان بینک کے ریجنل آفس ملتان اور دیگر سرکاری اور نجی شعبے کے اداروں میں محفوظ، باعزت اور ہراساں کرنے سے پاک کام کرنے کی جگہوں کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
فوزیہ وقار نے جناب فواد ہاشم ربانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، جنوبی پنجاب سے بھی ملاقات کی اور FOSPAH کے پاکستان بھر میں محفوظ کام کرنے کیجگہوں کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔ یہ دورہ ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے، ہراسیت کی روک تھام کی حکمت عملیوں کو فروغ دینے، اور FOSPAH کی خدمات کی رسائی کو وسعت دینے کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے-محترمہ فوزیہ وقار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کا ذیلی دفتر جنوبی پنجاب کے لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، ملتان سب آفس افراد اور اداروں دونوں کو قانونی مدد، شکایت کے اندراج کی خدمات اور تکنیکی رہنمائی فراہم کرے گا۔
FOSPAH انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل اور محکمہ میں عملے کو تربیت دینے کے لیے کوشاں ہے- ہراساں کرنے اور امتیازی سلوک کے خلاف زیرو ٹالرنس کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا تاکہ متاثرہ خواتین و حضرات کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے،فوزیہ وقار نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کے جنوبی پنجاب کے سٹاف کے ساتھ انسداد تشدد برائے خواتین سنٹر ملتان کا دورہ کیا ۔
جس میں ایس پی کینٹ ملتان ، مس کائنات اظہر خان نے انسداد تشدد برائے خواتین سینٹر میں موجود مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور ان کے بارے میں محترمہ فوزیہ وقار کو تفصیلی بریفنگ دی ،جس پر محترمہ فوزیہ وقار نےادارے کی طرف سے خواتین کی مجموعی خدمات کو سراہا۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں