برِنگنگ چلڈرن بیک ٹو سکول پروگرام کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کیا جائیگا(فواد ہاشم)

برِنگنگ چلڈرن بیک ٹو سکول پروگرام کی کامیابیاں اور آئندہ لائحہ عمل

ملتان (خصوصی رپورٹر) رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک (RSPN)، سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) اور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (NRSP) نے برطانوی ادارہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (FCDO) کے تعاون سے ’’برِنگنگ چلڈرن بیک ٹو سکول‘‘ (BCBS) پروگرام کی کامیابیوں اور آئندہ حکمتِ عملی پر غور کے لیے صوبائی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔
ورکشاپ کی صدارت رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کے چیف آفیسر بشیر انجم نے کی، جب کہ مختلف محکموں اور سول سوسائٹی سے وسیع نمائندگی موجود رہی، ورکشاپ میں شریک شخصیات میں چیف ایڈیشنل سیکرٹری فوادہاشم ربانی، پراجیکٹ مینیجر ’’برِنگنگ چلڈرن بیک ٹو سکول حمیرا حسین، عارف رحیم ایڈیشنل سیکرٹری سکول ساؤتھ پنجاب، بیلا جمیل (ادارۂ تعلیم و آگاہی)، صفیہ نور، بلال احمد، زہرہ مسعود، جنہ سلیمان، عرفات مجید، نعمان نصیر اعوان، ارسلان خان، یوسف ، سلطان محمود اور ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر راجن پور سہیل واحدی شامل تھے۔
اس موقع پر بشیر انجم نے بتایا کہ ’’برِنگنگ چلڈرن بیک ٹو سکول پروگرام کے تحت 2022 کے سیلاب سے متاثرہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں 855 سکولوں کی عمارتیں بحال کی گئیں، جس کے نتیجے میں ایک لاکھ پینسٹھ ہزار (165,000) بچوں کا دوبارہ سکول داخلہ ممکن ہوا۔ اس کے علاوہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تدریسی مواد اور طلبہ کو سیکھنے میں مدد دینے والی ’’لرننگ کٹس‘‘ بھی فراہم کی گئیں۔
پینل مباحثے کے دوران بیلا جمیل، صفیہ نور، بلال احمد، زہرہ مسعود، حنا سلیمان،وقار احمد اور عرفات مجید نے اس امر پر زور دیا کہ اسکولوں سے باہر بچوں میں لڑکیوں کا تناسب زیادہ ہے، جس کی بنیادی وجوہ میں روایتی سماجی رویّے اور کم عمری کی شادی شامل ہیں۔ شرکا نے حکومت پر زور دیا کہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی تعداد میں اضافہ، معیاری تدریسی مواد اور ہنرمندانہ تعلیم پر بھی توجہ دی جائے۔
، ایڈیشنل سیکرٹری فواد ربانی نے خطاب کرتے ہوئے ’’برِنگنگ چلڈرن بیک ٹو سکول کو محکمۂ تعلیم کے ساتھ مربوط کرنے کو ’’پراجیکٹ کی سب سے بڑی خوبصورتی‘‘ قرار دیا اور یقین دلایا کہ حکومت پنجاب اس کامیاب ماڈل کو مزید اضلاع تک توسیع دے گی۔
این ار ایس پی کے نمائندے نعمان بصر اعوان نے سکول نہ جانے والے بچوں کی فوری واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ سہیل واحدی نے کہا کہ ضلع راجن پور میں والدین کو آگاہی دئیے بغیر دیرپا نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں