پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ(سیاسی و سماجی حلقے)

پٹرول بم عوام پر ظلم: مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی کا شدید ردعمل

ملتان(خصوصی رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین نے مشترکہ میڈیا بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی تنگدستی بدحالی میں پسی عوام پر پٹرول بم گرانا ایسے ہے جیسے مرے ہوئے کو مزید مارنا۔
غریب عوام پہلے ہی بجلی اور گیس کے بلوں کی وجہ پریشان و بدحال ہے اس کے بعد پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام سے جینے کا حق کیوں چھینا جا رہا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وقت غریب عوام کی جائز شکایات کا فل فور ازالہ کرے پاکستان کو درپیش معاشی بحران اور مشکلات کا شکار عوام کے حق میں فوری مثبت فیصلوں کیلئے اقدامات کو عملی جامعہ پہنائے اور ہم پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کو روکا جائے اور بجلی کے بلوں میں بھی 200 یونٹ پورے ہونے پر جو عوام کو ہزاروں روپے کا معاشی کرنٹ لگا کر ذہنی اذیت میں مبتلا کیا جاتا ہے اس پر فوری طور ہر نظر ثانی کر کے اس کا خاتمہ کیا جائے اور بجلی کے نرخوں میں عوام کو رعائیت دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے وفاقی حکومت کو میثاق معیشت کی تجویز دے چکی ہے اس پر عملدرآمد حکومت کا کام ہے عملدرآمد سے ہی معیشت میں بہتری آئے گی اس لئے ہم اپنی جماعت پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے عوام کی آواز بن کر بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت عوام کی آواز بلخصوص پیٹرولیم گیس اور بجلی کے نرخوں میں عوام کو ریلیف مہیا کرے، پورے پاکستان میں اس وقت مثبت سیاست کا فقدان ہے اس وقت ملک میں نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کے بجائے مثبت سیاست کرنے کی ضرورت ہے
پاکستان میں آج جتنے بحران ہیں تاریخ میں اتنے بحران کبھی نہیں رہے۔
موجودہ حالات میں سیاست دان مثبت سیاست کرتے نظر نہیں آئیں گے تو انہیں عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا غربت اور بےروزگاری پورے ملک کا مسئلہ ہے تاثر یہ ہے کہ ملک میں مسائل روز بڑھ رہے یہ حکومت پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی وجہ سے کھڑی ہے ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن مشاورت نہیں کی جاتی مشاورت سے ہی بہتر پالیسی بنتی ہے پیپلزپارٹی جب سے وجود میں آئی اس وقت سے آج تک عوام کیلئے سیاست کر رہی ہے اس کیکئے ہماری لیڈر شپ نے اور کارکنوں نے جانوں کا نذرانہ دیا ۔
لیکن آج تک ہم عوامی جمہوری جدپر قائم ہیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مشن ہے عوام کے حقوق کیلئے لڑنا اور ان کے مسائل کیلئے جدوجہد کرنا ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائی جائے اس لئے حکومت وقت عوام کی زندگی اجیرن کرنے کیلئے جو بھی اقدامات کرے گی پیپلزپارٹی اس کی کھل کر مخالفت کرے گی کیونکہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور ہم نے عوامی طاقت سے اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم پاکستان بنانا ہے۔
مزید برآں مجلس وحدت مسلمین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی، صوبائی صدر عزاداری ونگ انجینئر سخاوت علی اورضلعی آرگنائزر عون رضا انجم گوپانگ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پٹرول 5روپے فی لیٹر مہنگا کرنا عوام دشمن اقدام ہے، ڈیزل 11روپے فی لیٹر مہنگا، مہنگائی کی نئی لہر آئے گی،حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرایا ہے، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں، پاکستان میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے اور کس کے ایماء پر ہورہا ہے؟
ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ غریب کی جیب پر ڈاکا ہے، پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کے ستائے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی جا رہی ہے، حکومت کو عوامی مشکلات کا ادراک نہیں، قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوامی مسائل میں براہِ راست اضافہ ہوگا، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سامنے آئے گا۔
دریں اثناء چیئرمین سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی رانا محمد فراز نون، عنایت اللہ مشرقی، سید مطلوب حسین شاہ بخاری، نعیم خان ڈاہا، باسط سلطان کھر، ڈاکٹر ظفر ہانس، ثقلین لانگ اور شاہد کوکب نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ عوام بھوک سے مر رہے ہیں، پس چکے ہیں۔ ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ شرمناک ہے۔ ابھی عوام بجلی کے 201 یونٹ کی سزا سے باہر نہیں آئے تو پٹرول بم گرا دیا گیا ہے۔ دیہاڑی دار طبقہ کا جینا اور مرنا دونوں ہی دشوار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے غریبوں، دیہاڑی دار مزدوروں اور پنشنرز کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ دیہاڑی دار طبقہ کا جینا اور مرنا دونوں ہی دشوار ہو چکے ہیں۔ آمدن میں مسلسل کمی اور اخراجات میں مسلسل اضافے نے لوگوں کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔ پٹرول، بجلی، گیس، ایل پی جی، چینی، گھی، سبزیاں، دالیں، دودھ، دہی اور ڈبل روٹی کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ دن بھر خون پسینہ ایک کرکے محنت اور مزدوری کرنے والے مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے پر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھوک اور افلاس نے غریب کے گھر میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ دو وقت کی روکھی سوکھی روٹی کے حصول میں مشکلات کے سبب یہ ذہنی تنائو کا شکار ہو کر مختلف ذہنی اور جسمانی بیماریوں کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔
ان حالات میں جو لوگ اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی نہیں خرید سکتے وہ علاج معالجہ کیسے کروائیں؟ ادویات کی ہوش اُڑا دینے والی قیمتوں نے سفید پوش، مڈل کلاس، دیہاڑی دار مزدور طبقے کو علاج معالجہ کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم کر دیا ہے۔سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ حکومتی بیانات کے مطابق ملک و قوم دن بدن ترقی کر رہی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ سرائیکی وسیب بھک مروں کا قبرستان بنتا جا رہا ہے۔ اناج کا مرکز ہونے کے باوجود یہاں کے لوگ بھوک پیاس سے مر رہے ہیں ایسے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا نیا طوفان لانے کے متراددف ہے۔ حکمران مہنگائی پر صحیح معنوں میں قابو پائیں یا اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں