چینی قونصل جنرل کا جنوبی پنجاب دورہ: سی پیک اور صنعتی زونز پر گفتگو
ملتان(خصوصی رپورٹر ) چین کے قونصل جنرل ژاو شیریں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ قونصل جنرل ژاو شیریں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی شہر ملتان آکر دلی انہیں خوشی ہوئی۔
،یہ ان کا جنوبی پنجاب کا پہلا دورہ ہے جس سے پاک چین دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔قونصل جنرل نے کہا کہ دورے کا بنیادی مقصد باہمی تعاون اور شرکت داری کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک منصوبے سے جنوبی پنجاب کے خطے میں بھی خوشحالی آئے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے قونصل جنرل کو بتایا کہ جنوبی پنجاب اہم خطہ ہے اور یہ پاکستان کے لئے فوڈ باسکٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سی پیک کےتحت جلال پور پیروالا میں سپیشل انڈسٹریل زون قائم کرنے کے لئے650 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے.فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے کامیابی کے کئی سنگ میل عبور کئے ہیں اور خطےمیں درجنوں میگا پراجیکٹس بروقت مکمل کرنے کا کریڈٹ حاصل کیا ہے۔
تعلیم،صحت، زراعت، لائیوسٹاک، فشریز سمیت مختلف محکموں میں قابل فخر منصوبے شروع کئےگئےجنہیں دوسرے صوبوں سے امتیاز حاصل ہے۔انہوں نے بتایا کہ زراعت کی جی ڈی پی میں لائیوسٹاک کا حصہ 65 فیصد ہے۔اس لئے لائیو سٹاک کی ترقی پر فوکس کیا جارہا ہے اور پہلے مرحلے میں ضلع بہاولنگر کو مویشیوں کی منہ کھر کی بیماری سے پاک کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں حلال گوشت کی ایکسپورٹ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
فواد ہاشم ربانی کا کہنا تھا کہ مظفر گڑھ میں شرمپ فارمنگ کا کامیاب آغاز کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ جنوبی پنجاب میں ٹور ازم کو فروغ دینے کےوسیع مواقع موجود ہیں۔ چولستان کے تاریخی قلعوں کواصل حالت میں بحال کیا جارہا ہے اور ایکو ٹور ازم کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ خطے نے ابھی ترقی کا بہت طویل سفرطے کرنا ہے۔جنوبی پنجاب صوبہ کے نصف رقبہ پر مشتمل خطہ ہے اور 58 فیصد لیبر فورس کا تعلق زراعت سے وابستہ ہے۔
چین کے قونصل جنرل نے جنوبی پنجاب کے سپیشل سیکرٹریز سے بھی ملاقات کی۔سپیشل سیکرٹریز نے اپنے محکموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کا اور شرکت داری کو فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں