علی حیدر گیلانی کے فرنٹ مین کا اسکینڈل: گڈ گورننس دعووں پر سوالیہ نشان
ملتان (بیٹھک انوسٹیگیشن سیل) سابق وزیراعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے، ممبر صوبائی اسمبلی اور چیئرمین اکاؤنٹس کمیٹی علی حیدر گیلانی کے مبینہ فرنٹ مین ملک احسن مہے کے بارے میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک احسن مہے نے نائب تحصیلدار صدر ندیم قیصر کو اپنا خدمت گزار بنا رکھا ہے جس سے سرکاری امور میں نجی اثر و رسوخ کی ایک بڑی مثال سامنے آئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ علی حیدر گیلانی جو کہ چیئرمین اکاؤنٹس کمیٹی بھی ہیں نے اپنے فرنٹ مین ملک احسن مہے کے کہنے پر ندیم قیصر کو تحصیل صدر کا نائب تحصیلدار تعینات کروا رکھا ہے انہوں نے بتایا کہ ملک احسن مہے کی سفارش پر علی حیدر گیلانی نے نائب تحصیلدار کو تین اہم قانونگوئیاں دلوا رکھی ہیں جن میں قانونگوئی شیر شاہ، قانونگوئی آرائیں والا اور قانونگوئی قصبہ مڑل شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان قانونگوئیوں میں ایسے مواضعات بھی شامل ہیں جو مینویل ہیں اور مینویل مواضعات آج کل کمائی کا بہترین ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ایڈوانس ٹیکس اور گین ٹیکس کی مد میں ندیم قیصر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کے جھٹکے کروا چکا ہے انہوں نے بتایا کہ ندیم قیصر کی مہار اسسٹنٹ کمشنر سٹی ملتان کے دفتر میں تعینات ایک جونئیر کلرک انصر عباس نے اپنے ہاتھ میں لے رکھی ہے انہوں نے بتایا کہ پہلے پہل انصر عباس نے گیلانی ہاؤس میں تعینات گیلانی خاندان کے متعدد سیکریٹریوں میں سے ایک سیکریٹری کو آٹھ لاکھ روپیہ دلوا کر نعیم لانگ نامی ایک وثیقہ نویس کے ساتھ ندیم قیصر کے معاملات کروائے۔
جس کے نتیجے میں ندیم قیصر نے اپنا لاگ ان نعیم لانگ کو اوپن کر کے دیدیا ہے انہوں نے بتایا کہ اب صورتحال یہ ہے کہ نائب تحصیلدار ندیم قیصر وثیقہ مارکیٹ چوک کچہری میں نعیم لانگ کے دفتر میں نعیم لانگ کی سیٹ پر بیٹھ کر بیانات لیتا اور رجسٹریاں پاس کرتا ہے ان کا کہنا تھا کہ نائب تحصیلدار کی جانب سے وثیقہ نویس کو اپنے سرکاری لاگ ان کے استعمال کی اجازت شفافیت اور بدعنوانی کے حوالے سے مختلف قسم کے سوالات کو جنم دیتی ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ ہر رجسٹری کے اندراج پر پارٹیز کے بیانات پر دس ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ مارکنگ کے نام پر ایک لاکھ روپے پر پانچ سو روپے نائب تحصیلدار کے لئے وصول کیے جا رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ یہ مبینہ وصولیاں عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہیں اور سرکاری عمل میں بدعنوانی کی نشاندہی کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ حکومتی محکموں میں سیاسی اثر و رسوخ کے بے جا استعمال کی ایک واضح مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل ملک احسن مہے کے بااثر ہونے پر مہر ثبت کرتا ہے اور یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح اعلیٰ افسران کو بھی سیاسی دباؤ کے سامنے جھکنا پڑتا ہے۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو جو مبینہ طور پر عوام کے ساتھ نہایت رعونت کے ساتھ پیش آتے ہیں اور ایمانداری کے نام پر لوگوں کے جائز کام نہ کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں وہ بھی نائب تحصیلدار ندیم قیصر سے باز پرس نہیں کر سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کے باوجود ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، ندیم قیصر کے معاملات میں کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں جس سے انتظامیہ کی کمزوری اور سیاسی دباؤ کو ظاہر ہوتا ہے۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اسی طرح خود کو شریف خاندان کا کارخاص سمجھنے والے کمشنر ملتان عامر کریم میں بھی اتنا حوصلہ نہیں ہے کہ وہ ندیم قیصر کے کام میں رکاوٹ ڈال سکے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ملتان میں سرکاری محکموں میں گیلانی خاندان اور ان کے مبینہ فرنٹ مینوں کا اثر و رسوخ کس حد تک پھیل چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کو جس طرح اپنے جائز کاموں کے لیے بھی اضافی رقوم ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اس سے بدعنوانی کو فروغ مل رہا ہے اور سرکاری نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال پر فوری اور سخت کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ پنجاب میں گڈ گورننس اور شفافیت کے دعوے عملی شکل اختیار کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے اس طرح کے معاملات پر خاموشی اور چشم پوشی مزید مسائل کو جنم دے گی کیونکہ یہ معاملہ نظام میں موجود خامیوں اور سیاسی اثر و رسوخ کے منفی اثرات کو واضح طور پر نمایاں کرتا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید جاوید سے صورتحال کا نوٹس لیکر کاروائی کا مطالبہ کیا انہوں نے مطالبہ کیا کہ نائب تحصیلدار ندیم قیصر کی جانب سے درج ہونے والی رجسٹریوں پر جمع کروائے جانے والے گین ٹیکس اور ایڈوانس ٹیکس کا سپیشل آڈٹ کیا جائے اور بے ضابطگیاں اور خورد برد ثابت ہونے پر قانون کے کاروائی کی جائے۔
اس سلسلے میں روزنامہ بیٹھک نے جب نائب تحصیلدار ندیم قیصر، جونئیر کلرک انصر عباس، نعیم لانگ، ملک احسن مہے اور علی حیدر گیلانی کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا تو وہ رابطے میں نہ آ سکے۔ روزنامہ بیٹھک میں چھپنے والی ان خبروں کے حوالے سے گیلانی خاندان بشمول علی حیدر گیلانی، ملک احسن مہے یا کوئی دوسرا متعلقہ شخص اپنا موقف دینا چاہے تو بیٹھک کے صفحات حاضر ہیں۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں