تعلیم، زراعت ودیگر شعبوں کی ترقی کیلئے چین کا اشتراک خوش آئند(فواد ہاشم)

زیرو آؤٹ آف اسکول چلڈرن مہم: جنوبی پنجاب میں 47 لاکھ بچوں کو اسکول لانے کا عزم

ملتان ( خصوصی رپورٹر)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام “زیرو آؤٹ آف اسکول چلڈرن” مہم کےسلسلے میں رومنزا ڈی ایچ اے میں گرینڈ تقریب منعقد ہوئی۔چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ قونصل جنرل کا تقریب میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نےان کا خیر مقدم کیا۔سکاوٹس نے سلامی دی،طالبات نے ڈرم کی بیٹ پر پاکستان اور چین کے پرچم لہرائے۔
اس موقع پر پاک چین دوستی کے گیت اور دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے جبکہ بچوں نے پاک چین دوستی کے حوالے سے خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے۔ چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے سکول میں نئے داخل ہونیوالے 1300 بچوں کو یونیفارم، شوز، سکول بیگز اور سٹیشنری سپانسر کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بچوں کو سکول لانے کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی مہم کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور معاشی اور سماجی ترقی میں کردار ادا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، زراعت، اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ژاو شیریں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ژاو شیریں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کی جانب سے جنوبی پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ایک ضرب المثل کی صورت اختیار کر گئی ہے کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی، سمندر سے گہری اور کے ٹو سے زیادہ بلند ہے اور یہ دوستی دنیا میں باہمی اعتماد اور احترام کی مثال بن چکی ہے۔فواد ہاشم ربانی نے “زیر آوٹ آف سکول چلڈرن” پروگرام کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ شرح خواندگی بڑھانے کے لیے یہ مہم شروع کی گئی اور ملتان، بہاولپور، لیہ کی چار چار یونین کونسلز میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کے شاندار نتائج سامنے آئے۔
اس طرح ضلع لیہ کی تمام یونین کونسلز میں اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا اور 5 ہزار بچے اسکول داخل کئے گئے۔اس مہم پر حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا اور نجی سپانسرز کے ذریعے مفت یونیفارم، جوتے، بیگز، اور اسٹیشنری پر مشتمل کٹ سٹوڈنٹس فراہم کی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ ایک ملاقات قونصل جنرل ژاو شیریں نے مہم کو سراہا اور سپانسر کرنے کا وعدہ کیا۔ آج 1300 بچوں کو چین کے تعاون سے تعلیمی سامان مفت فراہم کر کے وعدہ پورا کردیا گیا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ جنوبی پنجاب میں 9 سال سے 15 سال تک کے 47 لاکھ بچے سکول سے باہر ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر بچے کو سکول داخل کرایا جائے گا۔انہوں نے تعلیم، زراعت اور ہنرمندی میں چین کے اشتراک کو خوش آئند قرار دیا۔اس موقع پر بچوں میں یونیفارم، شوز، سکول بیگز اور سٹیشنری تقسیم کی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نےچینی قونصل جنرل کو ملتانی اجرک اور شیلڈ پیش کی۔
بعد ازاں چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے نشتر ہسپتال ٹو، مینگو ریسرچ سنٹر اور ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ امان اللہ، سپیشل سیکرٹری زراعت سرفراز مگسی اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔بعد ازاں قونصل جنرل نے نشتر ہسپتال ٹو کے دورےکےدوران ٹراما سنٹر , میڈیکل ایمرجنسی، آرتھوپیڈک، ریڈیالوجی اور بلڈ بینک سمیت مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ ایم ایس ڈاکٹر مظہر عباس نے بتایا کہ 560 بستروں پر مشتمل ہسپتال میں روزانہ 1200 سے زائد مریض آتے ہیں اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ قونصل جنرل نے کہا کہ ہسپتال میں جدید مشینری بطور عطیہ فراہمی کا جائزہ جائے گا۔انہوں نے ڈاکٹروں کی چین میں تربیت کی پیشکش بھی کی۔چینی قونصل جنرل نے مینگو ریسرچ سنٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں آم کی کاشت، اقسام، برآمدات اور ویلیو ایڈیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کا آم خوشبو، ذائقے اور معیار کے لحاظ سے عالمی سطح پر ممتاز ہے۔جدید ہائی ڈینسٹی تکنیک، سمارٹ ایگریکلچر سے پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
آم سے جوس، جیم، اور چٹنی سمیت دیگر فوڈ آئٹمز بھی تیار کی جا رہی ہیں، جو مقامی مارکیٹ اور برآمدات دونوں کے لیے کارآمد ہیں۔موسمیاتی تبدیلی، پھل جھڑ اور مختلف بیماریوں کے چیلنجز بارے بھی بتایا گیا۔ قونصل جنرل نے آم کی مختلف ورائٹیز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، تصاویر بنائیں اور بتایا کہ اب چین جنوبی پنجاب سے آم درآمد کر رہا ہے۔قونصل جنرل ژاو شیریں نے ماڈل ایگری مال بھی گئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے انہیں بتایا کہ منصوبہ کسانوں کی خوشحالی اور زرعی خود کفالت کی جانب اہم پیش رفت ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایگری مال میں کسانوں کو ایک ہی جگہ مشینری، تربیت، جدید معلومات، اسٹوریج، ماڈل دکانیں، اور مارکیٹنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی، جبکہ اسکیمز، سبسڈی، اور قرضہ جات کے لیے ہیلپ ڈیسک بھی قائم ہوگا۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں