جہانگیر ترین نے خانیوال میں سائنس و کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کیا

خانیوال کے سرکاری سکولوں میں جدید سائنس و کمپیوٹر لیبز — جہانگیر ترین کا اقدام

لودھراں (بیورورپورٹ) جہانگیر ترین نے خانیوال کے 2 سرکاری سکولوں میں سائنس و جدید کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کردیا۔گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کچا کھوہ اور گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائر سکینڈری سکول خانیوال میں ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے قائم کی گئی سائنس و کمپیوٹر لیبز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران جہانگیر خان ترین نے کہا کہ دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور ترقی کررہی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اگر ہم نے بھی اپنے تعلیمی ماڈل کو تبدیل نہ کیا تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ ہمارا مقصد ہے ہم بچوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ دنیا کا مقابلہ کر سکیں۔ اس سلسلے میں ہم نے لودھراں میں ٹائسر(TICER) کا ادارہ بنایا ہے جہاں طلباء و طالبات انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ اس ملک کا بڑا مسئلہ لیڈر شپ کا فقدان ہے۔ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں پر صحیح کام کیا جائے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔
لودھراں میں ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے تعلیمی منصوبے شروع کیے تو لودھراں کی تعلیمی رینکنگ پنجاب بھر میں نمبر 2 اور 3 پر آگئی جس پر بہت فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پسماندہ اضلاع کے بچوں اور بچیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔
انشاء اللہ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے منصوبوں سے نہ صرف لودھراں بلکہ خانیوال کے بچوں کو بھی بیکن ہاؤس، سٹی سکول و دیگر سکولوں جیسی تعلیمی سہولیات میسر ہونگی اور یہ بچے بھی اپنے علاقے کا نام روشن کرینگے۔
ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کی جانب سے ضلع خانیوال کے 6 سکولوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز بنائی گئی ہیں جس پر انکے بے حد مشکور ہیں۔ ہم جہانگیر ترین سے درخواست کرتے ہیں کہ ضلع خانیوال کے تمام سکولوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ٹائسر کے ساتھ مل کر خانیوال کے سکولوں میں ای کامرس و دیگر کلاسز کا اجراء کرینگے اور طلباء و طالبات کے ساتھ اساتذہ کی ٹریننگ کے پروگرام بھی شروع کرینگے۔ اہلیان خانیوال جہانگیر ترین کے شکر گزار ہیں۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر ترین ایجوکیشن فائونڈیشن اکبر خان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین نے پچھلے 15 سالوں کے دوران اربوں روپے کی خطیر رقم تعلیمی منصوبوں پر خرچ کی ہے۔ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن نے خانیوال میں اب تک 6 سرکاری سکولوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز قائم کردی ہیں۔
جہانگیر خان ترین نے ضلع خانیوال کے لئے 10 سے 11 کروڑ روپے مختص کیے ہیں جن سے یہاں بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تقریب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن خانیوال فیاض احمد سندھو نے بھی خطاب کیا۔ جہانگیر خان ترین اور ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائ سکول خانیوال میں میں پودے بھی لگائے۔

خبر کی تفصیل کے لیے لنک پر کلک کریں۔