خانیوال : غیر منظور شدہ ٹاؤن کی تعمیر، ہائی وولٹیج لائنوں کے نیچے انسانی جانیں خطرے میں
خانیوال (بیورو چیف)خانیوال میں سپر تلا کنگ ہوٹل کے عین سامنے بلدیہ سے غیر منظور شدہ ٹاؤن کی تعمیر دھڑلے سے جاری ہے۰
، جو نہ صرف میونسپل قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ عوامی سلامتی کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ غیر قانونی ٹاؤن 11 ہزار کے وی کی ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں کے عین نیچے تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔
اس خطرناک صورتحال کے باوجود متعلقہ اداروں کی خاموشی شہریوں کے لیے شدید تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ٹاؤن مافیا نے قانون کو پسِ پشت ڈال کر تعمیراتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ بلدیہ، واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
شہریوں نے نشاندہی کی ہے کہ ہائی وولٹیج لائنوں کے نیچے رہائشی تعمیرات کی اجازت قانوناً ممنوع ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ایس ای واپڈا اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کر کے غیر قانونی تعمیرات بند کروائی جائیں۰
اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ کسی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے قبل قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔
خبر کی تفصیل کے لیے لنک پر کلک کریں۔