خیبرپختونخوا: شدید بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہوگئی

“خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں اب تک 32 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوچکے ہیں۔”
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش کے باعث ہونے والے حادثات میں مختلف اضلاع میں 32 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 15 بچے، 12 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 1370 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 160 مکانات مکمل اور 1210 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹ گرام، بنوں، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر حالیہ بارشوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 5 کروڑ روپے مالی امداد کے طور پر جاری کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم نے مزید بتایا کہ نوشہرہ کے لیے 2 کروڑ روپے، لوئر دیر، سوات اور مالاکنڈ کے لیے 50 لاکھ روپے اور اپر دیر اور ٹانک کے لیے 20، 20 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ اسی طرح کرک، پشاور اور چارسدہ اضلاع کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے جاری کیے جائیں گے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق لوئر چترال کو عام ریلیف کے لیے ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ فنڈز متاثرین کی مالی امداد اور امدادی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔