“خیبرپختونخوا کے علاقے بٹگرام میں پل چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔”
پولیس کا کہنا ہے کہ شہید پولیس کانسٹیبل امجد حسین کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے تمام راستے بند کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔20 اپریل کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک کانسٹیبل شہید اور دوسرا زخمی ہوا تھا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو بھی مارے گئے تھے۔
8 اپریل کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے۔قابل ذکر ہے کہ 6 اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں منجیولا چوک کے قریب دہشت گردوں کی پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) گل محمد خان گن مین سمیت شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔